ملک بھر میں انسدادِ پولیو کی قومی مہم 13 اکتوبر سے شروع ہو رہی ہےجو 19 اکتوبر تک جاری رہے گی، اس دوران پانچ سال سے کم عمر کے 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے ترجمان کے مطابق مہم کے دوران بچوں کی قوتِ مدافعت کو مضبوط بنانے کے لیے وٹامن اے کے سپلیمنٹ بھی دیے جائیں گے۔
انسدادِ پولیو مہم میں چار لاکھ سے زائد تربیت یافتہ پولیو ورکرز شریک ہوں گے جو ملک کے طول و عرض میں گھر گھر جا کر قطرے پلائیں گے۔ اس مہم کے دوران پنجاب کے 2 کروڑ 30 لاکھ سے زائد، سندھ کے 1 کروڑ 6 لاکھ سے زائد، خیبرپختونخوا کے 72 لاکھ سے زائد، بلوچستان کے 26 لاکھ سے زائد ، اسلام آباد کے 4 لاکھ 60 ہزار سے زائد ،آزاد کشمیر کے7 لاکھ 60 ہزار سے زائد اور گلگت بلتستان کے 2 لاکھ 80 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
ترجمان نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ قومی مہم کے دوران اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں اور ٹیموں سے تعاون کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیو سے تحفظ صرف چند قطروں کی دوری پر ہے، ہر بچہ محفوظ، ہر بچہ صحت مند ہو یہی ہمارا مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ والدین حفاظتی ٹیکوں کا مکمل کورس بروقت مکمل کروا کر بچوں کو دیگر قابلِ تدارک بیماریوں سے بھی محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کی جانب سے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور مہم کی کامیابی کے لیے ضلعی، صوبائی و وفاقی سطح پر مربوط حکمت عملی اختیار کی گئی ہے۔
انہوں نے عوام سے کہا کہ مزید معلومات یا شکایات کے لیے ہیلپ لائن 1166 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔