وزیراعظم محمد شہباز شریف کو ملک کی تعمیر و ترقی میں ان کی غیر معمولی قیادت اور خدمات کے اعتراف میں بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ملائیشیا (آئی آئی یو ایم) کی جانب سے ’’لیڈرشپ اور گورننس‘‘ میں اعزازی پی ایچ ڈی (ڈاکٹریٹ) کی ڈگری دی گئی۔
بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ملائیشیا کے کوالالمپور کیمپس میں واقع اسلامی فکر و تہذیب کے بین الاقوامی انسٹی ٹیوٹ میں خصوصی کانووکیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملائیشیا کی ریاست پہانگ کی ملکہ اور یونیورسٹی کی آئینی سربراہ تنکو عزیزہ امینہ میمونہ سکندریہ نے وزیراعظم شہباز شریف کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری پیش کی۔
تقریب میں نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ، وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی و ریسرچ رانا تنویر حسین، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی، ملائیشیا کے وزیرِ مواصلات فہمی فاضل، وزیرِ اعلیٰ تعلیم ڈاکٹر زیمبری عبدالقادر، یونیورسٹی کے صدر تان سری عبدالرشید حسین، ریکٹر پروفیسر عثمان باقر اور پاکستان کے ہائی کمشنر سید احسن رضا شاہ سمیت دیگر اہم شخصیات شریک ہوئیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ ہمیشہ خلوص نیت اور ثابت قدمی کے ساتھ عوام کی خدمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم دنیا کے ایک باوقار علمی ادارے سے منسلک ہونا ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ملائیشیا سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری حاصل کرنا ان کے لیے باعثِ مسرت اور عزت کی بات ہے۔