جنوبی فلپائن کے ساحلی علاقے منائے کے قریب 7.6 شدت کا طاقتور زلزلہ آنے کے بعد حکام نے سونامی وارننگ جاری کر دی ہے، جب کہ شہریوں کو فوری طور پر بلند اور محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی دارالحکومت ڈیوس سمیت متعدد شہروں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ رہائشی و تجارتی عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ اسکولوں کو فوری طور پر بند کر دیا گیا، جب کہ ہسپتالوں کے عملے نے مریضوں کو بھی احتیاطی طور پر کھلے میدانوں میں منتقل کر دیا۔
فلپائن کے زلزلہ پیما ادارے کے مطابق یہ زلزلہ ڈاواؤ اورینٹل کے علاقے منائے کے ساحل کے قریب سمندر میں آیا جس کی گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ فلپائن انسٹی ٹیوٹ آف وولکینولوجی اینڈ سیسمولوجی نے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ عام جوار سے ایک میٹر یا اس سے زیادہ اونچی سونامی لہریں آنے کا امکان ہے، جب کہ بند خلیجوں اور تنگ آبی راستوں میں لہروں کی بلندی میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ حکام نے ساحلی علاقوں کے رہائشیوں کو فوری انخلاء اور اندرونِ زمین یا بلند مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔ ابتدائی طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
صدر فرڈیننڈ مارکوس جونیئر نے وسطی اور جنوبی فلپائن کے کئی ساحلی علاقوں میں انخلاء کا حکم دیتے ہوئے فیس بک پر اپنے بیان میں کہا کہ حالات محفوظ ہوتے ہی امدادی اور ریسکیو ٹیموں کو متاثرہ علاقوں میں روانہ کیا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ فوراً ساحلی علاقوں سے نکل جائیں اور جب تک حکام اجازت نہ دیں واپس نہ آئیں۔ صدر نے کہا کہ حکومت چوبیس گھنٹے کام کر رہی ہے تاکہ ہر متاثرہ شخص تک بروقت امداد پہنچائی جا سکے۔
یہ زلزلہ ایسے وقت میں آیا ہے جب فلپائن پہلے ہی قدرتی آفات کے ایک سلسلے سے شدید متاثر ہے۔ حالیہ ہفتوں میں سیبو صوبے میں 7.0 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 74 افراد جاں بحق اور 500 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، جب کہ ٹراپیکل طوفان بوالوئی نے ملک کے وسطی جزائر میں تباہی مچائی اور 11 ہلاکتیں ہوئیں۔ اس کے علاوہ سپر ٹائفون راگاسا نے ستمبر میں شمالی صوبے کگایان کو متاثر کیا جس سے بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے۔
دوسری جانب پاپوا نیو گنی میں 6.1 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جبکہ انڈونیشیا میں بھی ہلکی لرزش ریکارڈ کی گئی، تاہم حکام کے مطابق کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔