کراچی پولیس نے شہر میں مبینہ احتجاج سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد اور افواہ قرار دیتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسی باتوں پر توجہ نہ دیں اور اطمینان برقرار رکھیں۔
پولیس حکام کے مطابق شہر میں مذہبی جماعت کی جانب سے احتجاج کی کال پر ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے مختلف مقامات پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ حکام نے واضح کیا کہ فی الحال شہر میں کسی بھی جگہ احتجاج یا دھرنا نہیں ہو رہا، جبکہ شہر بھر میں دفعہ 144 نافذ ہے، جس کے تحت کسی بھی قسم کے اجتماع یا احتجاج کی اجازت نہیں۔
پولیس کے مطابق مظاہرین سے نمٹنے کے لیے مکمل حکمتِ عملی تیار ہے، اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ مختلف ذرائع سے افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں جن پر شہریوں کو کان نہیں دھرنا چاہیے۔
پولیس کے مطابق نیو کراچی کے علاقے میں کچھ افراد نے احتجاج کی کوشش کی، تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مظاہرین کو منتشر کر دیا اور 10 افراد کو حراست میں لے لیا۔ نیو کراچی سندھی ہوٹل کے قریب مذہبی جماعت کا احتجاج بھی ختم ہو گیا ہے اور علاقے میں مکمل طور پر معمولات زندگی بحال ہو چکے ہیں۔ سڑکیں عام ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہیں اور امن و امان کی صورتحال قابو میں ہے۔