اسلام آباد:انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے تحریک انصاف کے سنگجانی جلسے پر درج مقدمات میں عمر ایوب، زرتاج گل اور دیگر رہنماؤں کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ عدالت نے ملزمان کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم بھی جاری کیا ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے مقدمے کی سماعت کی، جس دوران عدالت نے عمر ایوب، زین قریشی، زرتاج گل اور علی بخاری کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا فیصلہ سنایا۔
عدالت نے واضح کیا کہ تمام ملزمان کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے تاکہ مقدمے کی کارروائی کو آگے بڑھایا جا سکے۔ عدالت نے متعلقہ حکام کو اس حوالے سے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔
سماعت کے دوران شیر افضل مروت کی جانب سے مقدمہ منتقلی کی درخواست دائر کی گئی، جس پر عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے وکلا کو دلائل پیش کرنے کے لیے طلب کر لیا۔
عدالت نے شیر افضل مروت کی درخواست پر باقاعدہ سماعت آئندہ تاریخ پر کرنے کا فیصلہ کیا اور کارروائی 23 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔