کراچی:عالمی اور مقامی منڈیوں میں سونے کی قیمتوں میں آج ایک بار پھر کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد سونا مزید سستا ہو گیا ہے۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں سترہ ڈالر کی کمی ہوئی، جس کے نتیجے میں نئی عالمی قیمت چار ہزار دو سو پینتیس ڈالر فی اونس کی سطح پر آ گئی ہے۔
اسی طرح کاروباری ہفتے کے پہلے ہی دن عالمی منڈی کے اثرات مقامی صرافہ بازاروں میں بھی دیکھنے میں آئے۔ چوبیس قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت میں ایک ہزار چار سو روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد نئی قیمت چار لاکھ چوالیس ہزار نو سو روپے فی تولہ ہو گئی۔
مقامی سطح پر فی دس گرام سونے کی قیمت میں بھی ایک ہزار دو سو روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس سے نئی قیمت تین لاکھ اکاسی ہزار چار سو تیس روپے فی دس گرام ہو گئی۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ ہفتے کے روز بھی عالمی اور مقامی منڈیوں میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی تھی، جب سونا اچانک ایک سو چھ ڈالر فی اونس کم ہو کر چار ہزار دو سو باون ڈالر کی سطح پر آ گیا تھا، جس کے نتیجے میں ملکی سطح پر سونا دس ہزار چھ سو روپے سستا ہو کر چار لاکھ چھیالیس ہزار تین سو روپے فی تولہ ہو گیا تھا۔
سونے کی قیمت میں اس بڑی کمی سے ایک روز قبل جمعہ کے روز تاریخ کا سب سے بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، جب عالمی منڈی میں سونا ایک سو اکتالیس ڈالر فی اونس مہنگا ہوا اور مقامی سطح پر چودہ ہزار ایک سو روپے کے اضافے کے بعد چار لاکھ چھپن ہزار نو سو روپے فی تولہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔