ترجمان حکومت سندھ سیدہ تحسین عابدی اپنی ڈیوٹی کے دوران چیف منسٹر پبلک کمپلینٹ سیل میں موجود رہیں، جہاں انہوں نے شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کا تفصیلی جائزہ لیا اور ان کے حل کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر شہریوں نے 919 سمیت دیگر ہیلپ لائن نمبرز پر کالز کے ذریعے اپنے مسائل درج کروائے، جنہیں ترجمان سندھ حکومت نے بغور سنا اور فوری کارروائی کی ضرورت پر زور دیا۔
سیدہ تحسین عابدی نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق عوامی مسائل کا فوری اور مؤثر حل حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے، اور اس سلسلے میں تمام ادارے متحرک ہیں۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ تمام شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر جلد از جلد حل کیا جائے تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
ترجمان سندھ حکومت کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی قیادت میں حکومت سندھ عوامی خدمت کے لیے سرگرم عمل ہے اور شہریوں کے مسائل کے بروقت حل کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔