جنوبی وزیرستان میں پاک فوج نے فتنۃ الخوارج کی جانب سے اشتعال انگیزی اور دراندازی کی کوشش کو بروقت کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دیا، جبکہ سکیورٹی فورسز نے افغان طالبان کی جانب سے سول آبادی کو نشانہ بنانے پر بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے متعدد افغان چیک پوسٹیں تباہ کر دیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے انگور اڈہ میں پاک فوج نے فتنہ الخوارج کی دراندازی کی کوششوں کو مؤثر حکمت عملی کے تحت ناکام بنایا اور علاقے میں سکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دراندازی میں ناکامی کے بعد افغان طالبان نے انگور اڈہ کے علاقے زلول خیل میں سول آبادی کو نشانہ بنایا، جہاں فائرنگ کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 3 شہری زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر وانا کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان اپنی ناکامی کے بعد بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، جس کے جواب میں پاک فوج نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے متعدد افغان چیک پوسٹوں کو تباہ کر دیا۔























































































