صومالی قزاقوں کے ہاتھوں پاکستانی شہریوں کے اغوا کے واقعے کے بعد صومالیہ کی حکومت نے پاکستان کو تحریری طور پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کرا دی ہے، جس سے مغویوں کی محفوظ بازیابی کی امید پیدا ہوئی ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق صومالی حکومت نے یقین دلایا ہے کہ وہ اغوا ہونے والے پاکستانی شہریوں کی بحفاظت وطن واپسی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی اور اس سلسلے میں ضروری اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے صومالی حکومت کے ساتھ 10 پاکستانی شہریوں کے اغوا کا معاملہ باضابطہ طور پر اٹھایا تھا، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان رابطے تیز کر دیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ بحری جہاز Honour 25 پر صومالی قزاقوں کے قبضے کے بعد 10 سے زائد پاکستانی عملہ یرغمال بنا لیا گیا تھا، جن میں کراچی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہیں، جس پر اہل خانہ میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔
مغویوں کے اہل خانہ شدید پریشانی کا شکار ہیں اور انہوں نے حکومت سے فوری اور مؤثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ان کے پیاروں کی جلد از جلد رہائی ممکن بنائی جا سکے۔























































































