نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان سی پیک فیز ٹو (CPEC Phase II) کے ذریعے ترقی کے نئے مراحل طے کر رہا ہے اور یہ منصوبہ پاکستان اور چین کے درمیان خوش حالی اور اقتصادی تعاون کا اہم ستون ہے۔
چینی کمیونسٹ پارٹی کی 105ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ چین کی قیادت نے مؤثر پالیسیوں کے ذریعے لاکھوں افراد کو غربت سے نکالا، جبکہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ نے پاک چین دوستی کو مزید مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کئی نسلوں پر محیط ہے اور دونوں ممالک ہر شعبے میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دے رہے ہیں۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ سی پیک پاکستان اور چین کے درمیان خوش حالی، سرمایہ کاری اور ترقی کا ایک اہم منصوبہ ہے، جبکہ سی پیک فیز ٹو ملک کی معاشی ترقی کو نئی رفتار دے گا۔
نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ خطے میں حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان نے ثالثی کی کوششوں کا آغاز کیا، جبکہ پاکستان اور چین نے علاقائی اور عالمی امن کے فروغ کے لیے مل کر مؤثر کردار ادا کیا۔





















































































