امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کے ساتھ سول جوہری پروگرام سے متعلق ایک معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس معاہدے کے تحت سعودی عرب کو توانائی کے شعبے میں امریکی سول جوہری ٹیکنالوجی تک رسائی حاصل ہوگی، جس سے مملکت کے پرامن جوہری توانائی پروگرام کو تقویت ملنے کی توقع ہے۔
وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق امریکا اور سعودی عرب کے درمیان مجوزہ جوہری تعاون کا معاہدہ 30 سال کے لیے ہوگا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس معاہدے کی مالیت کئی ارب ڈالر ہونے کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے، تاہم اس حوالے سے سرکاری طور پر مالی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
امریکی حکام کے حوالے سے رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ معاہدے کے تحت مستقبل میں سعودی عرب میں یورینیم افزودگی کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ اس خبر کی بنیاد وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ پر ہے، جبکہ امریکی حکومت یا سعودی حکام کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ اعلان یا تصدیق سامنے نہیں آئی۔






















































































