لاہور:چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف 10 ارب روپے ہرجانے کا کیس، عدالت نے وزیراعظم شہبازشریف کو 12 ستمبر کو طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی مقامی عدالت میں وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کے خلاف 10 ارب روپے ہتک عزت کے دعوے پرسماعت ہوئی۔
ایڈیشنل سیشن جج یلماز غی نے وزیر اعظم کی درخواست پر سماعت کی ، عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف کو ویڈیو لنک پر جرح کے لیے 12 ستمبر کو طلب کر لیا ۔
دوران سماعت عمران خان کے وکیل کی عدم دستیابی کے باعث کیس میں کوئی پیشرفت نہ ہو سکی۔
ایڈیشنل سیشن جج یلماز غی نے ریمارکس دیے کہ آئندہ سماعت پر فریقین وکلا 10 بجے عدالت پیش ہوں۔
یاد رہے کہ یہ کیس اپریل 2017 کے اس الزام سے جڑا ہے جب عمران خان نے دعویٰ کیا تھا کہ اُس وقت کے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پاناما لیکس کے معاملے پر خاموش رہنے اور اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹنے کے لیے انہیں 10 ارب روپے کی پیشکش کی تھی۔ اس الزام کے بعد جولائی 2017 میں شہباز شریف نے عمران خان کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا۔
بعد ازاں، جون 2020 میں شہباز شریف نے اپنے وکیل مصطفیٰ رمدے کی وساطت سے عمران خان کے خلاف ہتک عزت کے دعوے کی جلد سماعت کی متفرق درخواست دائر کی تھی۔
درخواست میں شہباز شریف نے موقف اختیار کیا تھا کہ ہتک عزت کا دعویٰ 3 سال سے زیر التوا ہے، عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ دعویٰ کی جلد سماعت کی درخواست منظور کی جائے اور روزانہ کی بنیاد پر درخواست
پر سماعت کی جائے۔
اب عدالت نے اس کیس کی مزید سماعت 12 ستمبر کو مقرر کرتے ہوئے وزیراعظم کو ویڈیو لنک پر جرح کے لیے طلب کر لیا ہے۔