سابق سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل عبدالغفور انجم کے دور میں ڈیڑھ سال کے عرصے کے دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان کے مجموعی طور پر 25 مرتبہ میڈیکل چیک اپ کرائے گئے۔
دستاویزی تفصیلات کے مطابق 29 اگست 2025 کو بینائی میں کمی کی شکایت پر پہلی مرتبہ پمز کے اپتھمالوجی ڈپارٹمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر عارف نے عمران خان کی آنکھوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس کے بعد بھی طبی معائنوں کا سلسلہ جاری رہا اور جنوری کے مہینے میں دو مرتبہ مزید آنکھوں کا چیک اپ کروایا گیا تاکہ طبی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق عبدالغفور انجم نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کا چارج چھوڑنے کے روز، یعنی 16 جنوری کو بھی پمز کی تین رکنی طبی ٹیم سے بانی پی ٹی آئی کا مکمل طبی معائنہ کروایا۔
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے خدشات اور تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے اور یہ الزام عائد کیا جاتا رہا ہے کہ سابق سپرنٹنڈنٹ عبدالغفور انجم طبی معاملات میں غفلت کے مرتکب ہوئے۔