خلیجی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی شپنگ کمپنیوں نے تجارتی مال کی ترسیل پر بھاری وار رسک سرچارج نافذ کر دیا ہے۔ اس اقدام کے بعد خطے کی جانب بھیجے جانے والے کنٹینرز کی شپنگ لاگت میں نمایاں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔
شپنگ کمپنی ہاپگ لوئیڈ لائن نے اعلان کیا ہے کہ خلیجی ممالک کی جانب بھیجے جانے والے کنٹینرز پر فی کنٹینر 1500 سے 3500 ڈالر تک وار رسک سرچارج وصول کیا جائے گا۔ کمپنی کے مطابق یہ سرچارج خطے میں بڑھتے ہوئے سکیورٹی خدشات کے باعث نافذ کیا گیا ہے۔
اسی طرح ایک اور بڑی شپنگ کمپنی سی ایم اے شپنگ لائن نے بھی تجارتی مال کی ترسیل پر ایمرجنسی سرچارج عائد کر دیا ہے، جو بعض روٹس پر 4 ہزار ڈالر تک ہو سکتا ہے۔
کمپنیوں کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ نئی بکنگ کرنے والے تمام صارفین کو یہ وار رسک سرچارج ادا کرنا ہوگا۔ نوٹس کے مطابق خلیج فارس کے ساتھ ساتھ بحیرۂ احمر کی جانب جانے والے کنٹینرز پر بھی یہی اضافی چارج لاگو ہوگا۔