وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ شہر کی مختلف اہم شاہراہوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے باعث پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے ہائی الرٹ پر ہیں اور شہر بھر میں سیکیورٹی انتظامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انسپکٹر جنرل اسلام آباد سمیت تمام ڈپٹی انسپکٹر جنرل اور دیگر سینئر افسران خود فیلڈ میں موجود ہیں اور سیکیورٹی اقدامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔
شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس کی جانب سے سرچ آپریشن بھی جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔
اس کے علاوہ وفاقی دارالحکومت کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی سیکیورٹی چیکنگ مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جا سکے۔
حکام کے مطابق گندم گودام، ایران ایونیو، روات ٹی کراس اور بہارہ کہو کے علاقوں میں گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی جا رہی ہے جبکہ مشکوک افراد کی تلاشی بھی لی جا رہی ہے۔