متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی فاروق ستار نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کو عہدے سے ہٹائے جانے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اس فیصلے پر برہمی ظاہر کی ہے۔
اپنے ایک بیان میں فاروق ستار نے کہا کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری کو عہدے سے ہٹانے کے فیصلے سے یہ واضح پیغام ملتا ہے کہ وفاقی حکومت اور وزیراعظم کو اب ایم کیو ایم پاکستان کی ضرورت نہیں رہی۔
انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو اب جماعت کی ریڈ لائن سمجھا جانا چاہیے اور فوری طور پر حکومت سے علیحدگی اختیار کرنے پر غور کیا جانا چاہیے۔
اس سے قبل ایم کیو ایم پاکستان کے ترجمان کی جانب سے بھی کہا گیا تھا کہ گورنر سندھ کی تبدیلی کے معاملے پر وفاقی حکومت نے جماعت کو اعتماد میں نہیں لیا۔ ترجمان نے اس فیصلے کے بعد جلد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرنے کا بھی عندیہ دیا تھا۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے کامران ٹیسوری کو گورنر سندھ کے عہدے سے ہٹا کر مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی کو نیا گورنر سندھ مقرر کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے نہال ہاشمی کی بطور گورنر سندھ تقرری کی منظوری دے دی ہے جبکہ نہال ہاشمی آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔