وزارت اطلاعات نے کہا ہے کہ افغان طالبان حکومت کے ڈپٹی ترجمان کا بیان اپنی ہولناک کارروائیوں کو چھپانے کی ناکام کوشش ہے۔
وزارت اطلاعات کے مطابق افغان طالبان حکومت نے جان بوجھ کر ضلع باجوڑ میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 4 بے گناہ شہری شہید جبکہ ایک 5 سالہ بچہ شدید زخمی ہو گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج کی افغانستان میں کی جانے والی کارروائیاں صرف دہشت گردوں کے ٹھکانوں تک محدود ہوتی ہیں اور ان کا مقصد شہری آبادی کو نشانہ بنانا نہیں ہوتا۔
وزارت اطلاعات کا کہنا ہے کہ پاکستان افغان طالبان حکومت کی جانب سے مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کردہ تصاویر اور ویڈیوز پر انحصار نہیں کرتا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ طالبان حکومت کے سرکاری چینلز پر جاری کیے جانے والے دعوے اور معلومات خود انہیں اندرونِ ملک اور عالمی سطح پر بے نقاب کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ ضلع باجوڑ میں سرحد پار سے ہونے والے حملے میں افغان طالبان کی گولہ باری کے نتیجے میں 4 شہری شہید ہو گئے تھے۔