وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومتی بروقت فیصلوں کی بدولت ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مناسب اور وافر مقدار موجود ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری سے متعلق اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس میں مختلف پالیسی امور پر غور کیا گیا۔
ویڈیو لنک کے ذریعے ہونے والے اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرا احد چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، عطا تارڑ، مصدق ملک، احسن اقبال، شزا فاطمہ اور اویس لغاری سمیت گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور دیگر اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے حالیہ حالات میں عوامی ریلیف کو اولین ترجیح دی ہے اور گزشتہ تین ہفتوں کے دوران ہر ممکن حد تک عوام کو سہولت فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کو روکنے کے لیے وفاقی حکومت نے 125 ارب روپے کا بوجھ برداشت کیا، جو مختلف شعبوں میں بچت اور ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کے ذریعے پورا کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بچت مہم میں حکومت کا ساتھ دیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دفاتر میں ٹیلی کانفرنسنگ کو ترجیح دیں تاکہ ایندھن کے استعمال میں کمی لائی جا سکے۔
انہوں نے ہدایت دی کہ صوبائی حکومتیں موٹر سائیکل اور رکشہ مالکان کو اپنی گاڑیاں رجسٹرڈ کروانے کے لیے سہولیات فراہم کریں، تاکہ ملک بھر میں ان کا ڈیٹا ڈیجیٹل نظام کے تحت محفوظ کیا جا سکے اور انہیں حکومتی ریلیف سے مستفید ہونے کا موقع ملے۔
اس حوالے سے وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریز کے ساتھ رابطوں کو مزید تیز کریں تاکہ پالیسی پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔