نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز سے مزید 20 پاکستانی پرچم بردار جہازوں کو گزرنے کی اجازت مل گئی ہے، جسے ایک مثبت اور اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ایکس پر جاری اپنے بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ روزانہ دو جہاز آبنائے ہرمز عبور کریں گے، جس سے بحری آمدورفت میں تسلسل برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو، امریکی نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ ایران کا یہ اقدام خوش آئند اور تعمیری ہے، جس کی تعریف کی جانی چاہیے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ یہ پیش رفت خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے، جبکہ اس مثبت اعلان کو امن کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے جو مشترکہ کوششوں کو مزید مضبوط بنائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسائل کے حل کے لیے مذاکرات، سفارتکاری اور اعتماد سازی ہی واحد مؤثر راستہ ہیں، اور اسی کے ذریعے پائیدار امن حاصل کیا جا سکتا ہے۔