سندھ کے مختلف شہروں میں اپریل کے مہینے کے دوران 24 گھنٹوں میں ہونے والی بارش نے کئی دہائیوں پرانے ریکارڈ توڑ دیے، جس سے موسم میں غیر معمولی تبدیلی دیکھنے میں آئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں اپریل کی بارش کا 41 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، جہاں کراچی ایئرپورٹ پر 38.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس سے قبل اپریل 1985 میں اسی مقام پر 37 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی تھی، جو اب ایک نیا ریکارڈ قائم ہونے کے بعد ٹوٹ گئی ہے۔
اسی طرح موہن جو دڑو میں 60 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے نتیجے میں 31 سال پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ یہاں 1995 میں صرف 22 ملی میٹر بارش ہوئی تھی، تاہم حالیہ بارش نے اس ریکارڈ کو نمایاں طور پر پیچھے چھوڑ دیا۔
دوسری جانب درجہ حرارت کے حوالے سے بھی ریکارڈز میں تبدیلی دیکھی گئی، جہاں لاڑکانہ میں 1989 کا 26 ڈگری سینٹی گریڈ کا ریکارڈ ٹوٹ کر درجہ حرارت 22.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔ اسی طرح بدین میں 1967 کا 26.1 ڈگری سینٹی گریڈ کا ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا اور نیا درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔