کراچی میں بچوں میں خسرہ، چکن پاکس اور ممپس کے کیسز میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس کے باعث والدین اور طبی حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈی میں روزانہ 3 سے 4 بچے انہی علامات کے ساتھ لائے جا رہے ہیں، جو ان بیماریوں کے پھیلاؤ کی نشاندہی کرتے ہیں۔
اسپتال حکام کا کہنا ہے کہ خسرہ، چکن پاکس اور ممپس کی عام علامات میں بخار، جسم میں درد اور جلد پر دانوں کا نکلنا شامل ہے، جس کی بروقت تشخیص اور علاج ضروری ہے۔
دوسری جانب طبی ماہرین کے مطابق بدلتے موسم کے دوران وائرل انفیکشنز کے پھیلنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں، جس کے باعث بچوں میں یہ بیماریاں زیادہ تیزی سے منتقل ہو سکتی ہیں۔
ماہرین نے والدین کو ہدایت کی ہے کہ بچوں کو خصوصاً خسرہ اور چکن پاکس کی ویکسین بروقت لگوائیں تاکہ ان بیماریوں سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔