محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں فی الحال بارش کا کوئی امکان نہیں ہے، اور آنے والے دنوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کی توقع ہے۔
ادارے کے مطابق آئندہ آنے والا مغربی ہواؤں کا سسٹم زیادہ تر ملک کے بالائی علاقوں تک محدود رہے گا، جس کے باعث سندھ کے علاقوں میں بارش کی کوئی خاص توقع نہیں ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ کراچی اور سندھ کے دیگر علاقوں میں درجہ حرارت بتدریج بڑھنا شروع ہو جائے گا، اور شہر قائد میں 10 اپریل سے گرمی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے، جبکہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ یا اس سے زائد رہ سکتا ہے۔
ماہرین موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اپریل کے آخری ایام میں کراچی میں ہیٹ ویو جیسی صورتحال بھی پیدا ہو سکتی ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔