اسلام آباد: چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس یحییٰ آفریدی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ سے متعلق مقدمات عید کے بعد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔
یہ یقین دہانی سپریم کورٹ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ سے ملاقات کے دوران کرائی گئی۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے بتایا کہ وہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے بانی پی ٹی آئی کے مقدمات جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی درخواست کرنے آئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ سے متعلق مقدمات عید کے بعد سماعت کے لیے مقرر کر دیے جائیں گے۔
سلمان اکرم راجہ کے مطابق چیف جسٹس پاکستان نے ملاقات کے دوران متعلقہ افسران کو بلا کر ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے انہیں یقین دلایا ہے کہ تمام متعلقہ مقدمات عید کے بعد سماعت کے لیے مقرر کر دیے جائیں گے۔
























































































