امریکا اور اس کے اتحادی ممالک نے چین کو مبینہ جاسوسی سرگرمیوں پر مشترکہ وارننگ جاری کرتے ہوئے حساس معلومات کے حصول کے لیے جعلی ملازمتوں کے استعمال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا، برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ پر مشتمل انٹیلی جنس اتحاد نے چین کے خلاف مشترکہ انتباہ جاری کیا ہے۔
رپورٹ میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ چین مختلف آن لائن ملازمت پلیٹ فارمز کے ذریعے افراد تک رسائی حاصل کر کے حساس معلومات جمع کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
امریکی اخبار کے مطابق چینی عناصر مبینہ طور پر جعلی ملازمتوں کی پیشکش، فرضی کمپنیوں اور جعلی پروفائلز کے ذریعے ایسے افراد کو نشانہ بناتے ہیں جن کے پاس حکومتی، دفاعی یا حساس شعبوں سے متعلق معلومات موجود ہوتی ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس طریقہ کار کے ذریعے لوگوں کو ملازمت یا مشاورتی خدمات کے نام پر رابطہ کیا جاتا ہے اور بعد ازاں ان سے حساس نوعیت کی معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
تاہم چین کی جانب سے ان الزامات پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب چین اور مغربی ممالک کے درمیان سکیورٹی، ٹیکنالوجی، تجارت اور انٹیلی جنس کے معاملات پر کشیدگی پہلے ہی موجود ہے۔























































































