پاکستان نے تیسرے اور فیصلہ کن ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔
آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 158 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے 42 ویں اوور میں کامیابی حاصل کر کے سیریز جیت لی۔
اس سے قبل آسٹریلوی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 157 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ کپتان جوش انگلس 65 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ مارنوس لبوشین اور ایلکس کیری نے 19، 19 رنز بنائے۔ ایڈم زمپا 10 رنز بنا سکے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ابرار احمد اور شاداب خان نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ حارث رؤف نے بھی ایک وکٹ اپنے نام کی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم بابر اعظم نے 40 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جبکہ معاذ صداقت نے 27 رنز بنائے۔
میچ کے اختتامی لمحات میں عبدالصمد اور شاداب خان نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 49 اہم رنز جوڑ کر پاکستان کو یادگار فتح دلائی۔
یاد رہے کہ سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی، جبکہ دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے 42 رنز سے کامیابی حاصل کر کے سیریز برابر کر دی تھی۔























































































