امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیل پر حملے بند کرے اور مذاکرات کی میز پر واپس آ کر معاہدے کی جانب پیش رفت کرے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فاکس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران نے میزائل حملے کر دیے ہیں، اب وقت آ گیا ہے کہ کشیدگی کو مزید بڑھانے کے بجائے مذاکرات کا راستہ اختیار کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ایران حملے روک کر دوبارہ مذاکرات میں شامل ہو اور کسی ممکنہ معاہدے تک پہنچنے کی کوشش کرے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ سفارتی عمل مثبت سمت میں آگے بڑھ رہا ہے اور رواں ہفتے معاہدے سے متعلق اہم پیش رفت متوقع ہو سکتی ہے۔
یاد رہے کہ ایران نے لبنان میں اسرائیلی کارروائیوں اور مبینہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے ردعمل میں شمالی اسرائیل پر تقریباً 10 بیلسٹک میزائل داغے تھے۔
رپورٹس کے مطابق ایران کے حملوں کے بعد صدر ٹرمپ نے اسرائیلی قیادت کو بھی محتاط رہنے اور فوری جوابی کارروائی سے گریز کرنے کا مشورہ دیا تھا، تاہم بعد ازاں اسرائیل نے ایران کے مختلف علاقوں پر فضائی حملے کیے۔
تازہ پیش رفت کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی ایک بار پھر بڑھ گئی ہے، جبکہ عالمی برادری فریقین سے تحمل اور سفارتی حل کی اپیل کر رہی ہے۔






















































































