وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ سرکاری دورے پر قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچ گئے، جہاں وہ قطر کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کریں گے اور سابق امیر قطر کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کریں گے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ بھی وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ قطر پہنچے ہیں۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کریں گے۔ وہ قطر کے سابق امیر مرحوم شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر امیر قطر، قطری شاہی خاندان اور قطری عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار بھی کریں گے۔
وزیراعظم کا یہ دورہ قطر، قطری شاہی خاندان، قطری عوام اور پاکستان کی حکومت و عوام کے درمیان دہائیوں پر محیط دیرینہ برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور دونوں ممالک کے مضبوط باہمی روابط کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
واضح رہے کہ قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی گزشتہ روز 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔























































































