انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تصدیق کی ہے کہ 2027 ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کی میزبانی تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ کے بجائے لندن کے دی اوول کو سونپ دی گئی ہے۔
آئی سی سی کے مطابق ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل 9 سے 13 جون 2027 تک دی اوول میں کھیلا جائے گا۔
گزشتہ سال آئی سی سی نے اعلان کیا تھا کہ انگلینڈ کو 2027، 2029 اور 2031 کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنلز کی میزبانی کے حقوق دیے گئے ہیں، جبکہ ہر ایڈیشن کے لیے میزبان گراؤنڈ کے انتخاب کا اختیار انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ECB) کے پاس ہوگا۔
ابتدائی طور پر توقع کی جا رہی تھی کہ 2027 کا فائنل بھی گزشتہ ایڈیشن کی طرح لارڈز میں منعقد ہوگا، تاہم انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے اس کے بجائے دی اوول کو میزبان گراؤنڈ منتخب کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس فیصلے کی ایک بڑی وجہ لارڈز کی پچ کے معیار پر سامنے آنے والے خدشات ہیں۔ گزشتہ ماہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کی پچ کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے آئی سی سی نے پہلی مرتبہ لارڈز کو ڈی میرٹ پوائنٹ دیا تھا۔
یہ دوسرا موقع ہوگا جب دی اوول ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کی میزبانی کرے گا۔ اس سے قبل 2023 کا فائنل بھی اسی میدان میں کھیلا گیا تھا، جہاں آسٹریلیا نے بھارت کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

















































































