یمن کے قریب بحیرۂ احمر میں ایک حملے کے بعد بھارتی پرچم بردار تجارتی جہاز ڈوب گیا، تاہم جہاز میں سوار تمام افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق “ایم ایس وی فائز نورِ اولیا” نامی جہاز کو یمن کی سمندری حدود کے قریب ایک پروجیکٹائل حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں جہاز سمندر میں ڈوب گیا۔
مقامی حکام کے مطابق جہاز پر سوار تمام 14 افراد، جن میں 13 بھارتی شہری اور ایک یمنی باشندہ شامل تھا، کو الحدیدہ بندرگاہ کے جنوب میں محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
بھارتی حکومت نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ایک بلااشتعال حملہ قرار دیا ہے۔
بھارتی وزیرِ جہاز رانی سربانندا سونووال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ جہاز کو یمن کے قریب ایک پروجیکٹائل کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔
بھارتی وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ تجارتی جہاز رانی کے خلاف کارروائیاں فوری طور پر بند ہونی چاہییں اور بین الاقوامی بحری راستوں کو محفوظ بنایا جانا چاہیے۔
یمن کے سرکاری خبر رساں ادارے نے اس حملے کی ذمہ داری ایران کی حمایت یافتہ حوثی باغیوں پر عائد کی ہے، تاہم حوثیوں کی جانب سے فوری طور پر اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ حوثی گروپ نے بحیرۂ احمر میں بحری ناکہ بندی کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد خطے میں کئی تجارتی اور تیل بردار جہازوں کو نشانہ بنانے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔





















































































