لاہور: شہر میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، دکانداروں کے مطابق صرف دو ہفتوں کے دوران مختلف سبزیوں اور پھلوں کے نرخ میں 100 سے 150 روپے فی کلو تک اضافہ ہوا ہے۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ سبزیوں کے ساتھ پھلوں کی قیمتیں بھی تیزی سے بڑھی ہیں، جبکہ پھلوں کی پیٹیوں کے نرخ میں ایک ہزار سے 2 ہزار روپے تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دکانداروں کے مطابق کدو کی قیمت 150 روپے سے بڑھ کر 200 روپے فی کلو ہوگئی ہے، جبکہ گوبھی 150 روپے سے بڑھ کر 220 روپے فی کلو میں فروخت ہورہی ہے۔
اسی طرح بند گوبھی کی قیمت 150 روپے سے بڑھ کر 250 روپے فی کلو جبکہ میتھی کی قیمت 300 روپے سے بڑھ کر 400 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔
شملہ مرچ کی قیمت بھی 300 روپے سے بڑھ کر 350 روپے فی کلو ہوگئی ہے، جبکہ پیاز 120 روپے سے بڑھ کر 200 روپے اور ٹماٹر 200 روپے سے بڑھ کر 250 روپے فی کلو تک پہنچ گئے ہیں۔
پھلوں کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ سامنے آیا ہے۔ دکانداروں کے مطابق آڑو کا 6 کلو کا کارٹن 950 روپے میں فروخت ہورہا ہے، جبکہ سیب کی پیٹی کی قیمت 2 ہزار روپے سے بڑھ کر 3 ہزار روپے ہوگئی ہے۔
آم کی پیٹی کی قیمت میں 2 ہزار روپے کا اضافہ ہوا ہے اور اس کے نرخ 3 ہزار روپے سے بڑھ کر 5 ہزار روپے تک پہنچ گئے ہیں، جبکہ انگور کی پیٹی 4500 روپے سے بڑھ کر 5 ہزار روپے کی ہوگئی ہے۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ سبزیاں اور پھل انہیں منڈی سے ہی مہنگے داموں مل رہے ہیں، جس کے باعث ریٹیل مارکیٹ میں بھی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔





















































































