اسلام آباد: ملک میں شہریوں سے پیٹرول اور ڈیزل کی اصل قیمت کے علاوہ بھاری ٹیکسز، لیوی اور مارجنز کی وصولی جاری ہے، جس کے باعث ایک لیٹر پیٹرول اپنی اصل لاگت سے 133 روپے 2 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 122 روپے 55 پیسے مہنگا فروخت ہورہا ہے۔
دستاویزات کے مطابق ایک لیٹر پیٹرول پر مجموعی طور پر 131 روپے 60 پیسے کی لیوی، ٹیکسز اور مارجنز وصول کیے جارہے ہیں، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر یہ رقم 122 روپے 55 پیسے فی لیٹر ہے۔
دستاویزات سے ظاہر ہوتا ہے کہ پیٹرول کی فی لیٹر اصل لاگت 234 روپے 73 پیسے بنتی ہے، تاہم اس وقت صارفین کے لیے پیٹرول کی قیمت 367 روپے 75 پیسے فی لیٹر مقرر ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق گزشتہ صرف 3 روز کے دوران پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 21 روپے 88 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ اسی مدت میں ڈیزل 14 روپے 62 پیسے فی لیٹر مہنگا ہوا ہے۔
7 ستمبر کو پیٹرول کی قیمت 345 روپے 87 پیسے فی لیٹر تھی، جو اب بڑھ کر 367 روپے 75 پیسے فی لیٹر تک پہنچ چکی ہے۔
اسی طرح 7 ستمبر تک ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 378 روپے 5 پیسے فی لیٹر تھی، جو اب 392 روپے 67 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔






















































































