اسلام آباد: وزیراعظم کی خصوصی ریلیف اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فی لیٹر 100 روپے سستا پیٹرول فراہم کرنے کے لیے جدید ڈیجیٹل نظام فعال کردیا گیا ہے۔
وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مطابق سخت اقتصادی حالات میں محنت کش طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کی وزیراعظم کی ہدایت پر صوبائی محکموں، نادرا اور ٹیلی کام آپریٹرز کے تعاون سے ایک جامع اور خودکار ڈیجیٹل نظام تیار کیا گیا ہے۔
خصوصی اسکیم کا مقصد موٹر سائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان پر مہنگے پیٹرول کا بوجھ کم کرنا اور مستحق شہریوں تک سبسڈی کی شفاف فراہمی یقینی بنانا ہے۔
اسکیم کے تحت اہل شہریوں کو پیٹرول کی قیمت میں 100 روپے فی لیٹر رعایت دی جائے گی۔
موٹر سائیکل اور چنگچی مالکان کے لیے ماہانہ 20 لیٹر تک رعایتی پیٹرول کی حد مقرر کی گئی ہے جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان ماہانہ 30 لیٹر تک رعایتی پیٹرول حاصل کرسکیں گے۔
وزارت آئی ٹی کے مطابق صوبائی ٹرانسپورٹ اور ایکسائز محکموں کے تعاون سے گاڑیوں اور مالکان کی تصدیق کے عمل کو مکمل طور پر خودکار بنایا گیا ہے تاکہ سبسڈی صرف اہل افراد تک پہنچائی جاسکے۔






















































































