سعودی فوجی اتحاد نے کہا ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے مکہ کی فضائی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے حوثی ڈرون کو روک کر تباہ کردیا۔
سعودی فوجی اتحاد کے مطابق ڈرون کو مکہ کے اطراف قائم ممنوع فضائی حدود میں داخل ہونے سے پہلے ہی روک لیا گیا اور کامیابی سے تباہ کردیا گیا۔
اتحاد نے اپنے بیان میں کہا کہ حرمین شریفین کا تحفظ سرخ لکیر ہے اور حوثیوں کی جانب سے لاحق خطرات کے خلاف ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
سعودی اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا کہ حوثیوں کی جانب سے مکہ کو نشانہ بنانے کی یہ دوسری کوشش تھی۔ ان کے مطابق اس سے قبل جولائی 2017 میں بھی مکہ کی جانب بیلسٹک میزائل داغا گیا تھا۔
اس سے قبل منگل کی رات سعودی عرب کے شہروں جازان، ابہا اور خمیس مشیط میں ممکنہ حملوں کے خطرے کے پیش نظر سائرن بجائے گئے تھے، تاہم کچھ دیر بعد انتباہ واپس لے لیا گیا۔
پیر کو بھی حوثی فورسز کی جانب سے سعودی عرب پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے متعدد حملوں کے نتیجے میں 13 شہری زخمی ہوئے تھے۔






















































































