حجاج عرفات میں جمع، خطبہ کے بعد مزدلفہ روانگی، عبادات اور رمی کے لیے تیاری جاری
حج کا رکنِ اعظم وقوفِ عرفہ آج ادا کیا جا رہا ہے، جہاں دنیا بھر سے آئے لاکھوں حجاج کرام میدان عرفات میں جمع ہیں۔ اس موقع پر امام کعبہ شیخ صالح بن عبداللہ الحمید مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیں گے۔
نماز فجر کے بعد حجاج عرفات روانہ ہوئے اور ظہر و عصر کی نمازیں قصر اور جمع کی صورت میں ایک ساتھ ادا کریں گے۔ غروب آفتاب کے بعد حجاج مزدلفہ روانہ ہوں گے جہاں وہ کھلے آسمان تلے رات گزاریں گے، عبادات کریں گے اور رمی جمرات کے لیے کنکریاں جمع کریں گے۔
دس ذوالحجہ کو حجاج منیٰ میں بڑے شیطان کو کنکریاں ماریں گے، عیدالاضحی کی نماز ادا کریں گے، قربانی کریں گے اور احرام کھول دیں گے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سعودی عرب میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ گرمی کی شدت کم رکھنے کے لیے میدان عرفات میں 117 پھوار والے پنکھے نصب کیے گئے ہیں جن سے درجہ حرارت میں اوسطاً 9 ڈگری کمی ہوتی ہے۔