محدود وسائل کے باوجود ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان سرگرم ہے، عالمی تعاون کی ضرورت ہے
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ماحولیات کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، اور محدود وسائل کے باوجود ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو ہر سال شدید سیلاب، خشک سالی اور گرمی کی لہروں کا سامنا رہتا ہے، جو لاکھوں افراد کی زندگیوں کو متاثر کرتے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کا عالمی کاربن اخراج میں حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے، جس سے عالمی ماحولیاتی انصاف اور بین الاقوامی تعاون کی اہمیت اجاگر ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے عوامی شعور، حکومتی پالیسی اور ادارہ جاتی کوششیں ناگزیر ہیں۔
انہوں نے عوام پر زور دیا کہ روزمرہ زندگی میں ماحول دوست اقدامات کو اپنایا جائے جیسے کہ پلاسٹک کا کم استعمال، درخت لگانا، ری سائیکلنگ کو فروغ دینا اور ماحولیاتی تحفظ کی پالیسیوں پر عملدرآمد۔ صدر مملکت نے تمام شہریوں اور اداروں سے اپیل کی کہ وہ ایک صاف، سرسبز اور پائیدار پاکستان کے لیے متحد ہو جائیں۔