پاکستان ٹیلی ویژن کی اداکارہ رمشا خان نے شادی کے بعد شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈرامہ انڈسٹری میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے والی رمشا خان نے کہا ہے کہ شادی کے بعد وہ شوبز کو خیرباد کہہ دیں گی۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں نے انڈسٹری میں کامیاب پانچ سال گزارے ہیں اور اس مقام تک پہنچنے کے لیے بہت محنت کی لیکن شادی کے بعد میرے لیے کیریئر جاری رکھنا ناممکن ہوگا۔
رمشا خان نے کہا کہ اداکاری ہمیشہ سے میرا انتخاب رہا ہے، جب میں نے انڈسٹری میں قدم رکھا تو میری نجی زندگی متاثر ہوئی اور اہل خانہ کی ناراضگی کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے گھریلو کاموں میں دلچسپی نہیں ہے لیکن وہ اب مختلف مزے مزے کی اشیاء بنانا سیکھ رہی ہیں تاکہ شادی کے بعد انہیں ان سب چیزوں پر عبور حاصل ہوجائے۔
واضح رہے کہ رمشا خان نے ناصرف متعدد ڈراموں میں کامیاب اداکاری کی بلکہ 2017 میں ایک فلم ’تھوڑا جی لے‘ میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
رمشا خان کی نئی آنے والی فلم ’سپر اسٹار‘ ہے جو عید الاضحیٰ پر بڑے پردے کی زینت بنے گی، فلم میں ماہرہ خان اور بلال اشرف مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔