سبی: بلوچستان کے ضلع سبی میں بختیار آباد کے قریب ایک مسافر بس الٹنے کے نتیجے میں 4 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 32 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے پانچ کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے بعد تمام زخمیوں کو فوری طور پر ٹیچنگ اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹرز کے مطابق کچھ زخمیوں کی حالت نازک ہے۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ مذکورہ بس صادق آباد سے کوئٹہ کی جانب رواں دواں تھی کہ تیز رفتاری کے باعث حادثہ پیش آیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل راولاکوٹ میں بھی ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا تھا، جہاں تولی پیر چھتی موڑ کے قریب ایک پولیس وین گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکار جاں بحق ہو گئے تھے۔
جاں بحق اہلکاروں میں انسپکٹر علی بخاری (ریجن آفس راولاکوٹ)، انسپکٹر نوید احمد، انسپکٹر یاسر عرفات، اے ڈی ذاکر حسین (ریجن راولاکوٹ) اور محمد فہیم (اکاؤنٹس برانچ، راولاکوٹ) شامل تھے۔