کراچی: شدید گرمی کے دوران پمپنگ اسٹیشنز پر مسلسل بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث شہر کو پانی کی فراہمی میں شدید مشکلات کا سامنا رہا۔
کراچی واٹر کارپوریشن کے ترجمان نے بتایا کہ 27 مئی کو کے تھری اور فورتھ فیز کی بجلی بند رہی، جس کے نتیجے میں 45 ملین گیلن پانی کی فراہمی ممکن نہ ہو سکی۔
اسی طرح 28 مئی کو رات 2:45 پر بجلی کی فراہمی معطل ہوئی، جو صبح 7:50 پر بحال کی گئی۔ ترجمان کے مطابق 28 مئی کو بھی کے تھری کی بجلی مکمل طور پر بند رہی، اور اس دن بھی شہر کو 45 ملین گیلن پانی فراہم نہیں کیا جا سکا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ دو دن میں مجموعی طور پر 90 ملین گیلن پانی کی فراہمی متاثر ہوئی، تاہم اب شہر میں پانی کی سپلائی معمول پر آ چکی ہے۔