کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا جائے، جبکہ مکمل ہونے کے قریب ترقیاتی اسکیموں کے لیے فنڈز فوری جاری کیے جائیں۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت محکمہ خزانہ اور منصوبہ بندی و ترقی ڈپارٹمنٹ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں آئندہ بجٹ کی تیاری سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ کوشش کی جائے کہ عید سے پہلے زیادہ تر اسکیموں اور بجٹ تجاویز کو حتمی شکل دے دی جائے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے آگاہ کیا کہ رواں سال جاری 4644 اسکیموں میں سے 1812 مکمل ہو جائیں گی، جب کہ نئے مالی سال کے لیے مختلف محکموں کی جانب سے مقامی سطح پر متعدد نئی اسکیموں کی تجاویز دی گئی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ فنڈز کے جائزے کے لیے ایک علیحدہ اجلاس بلایا جائے گا، جس میں نئی اسکیموں کو حتمی شکل دی جائے گی۔
واضح رہے کہ مالی سال 2023-24 میں سندھ حکومت نے 88.3 ارب روپے کی لاگت سے 1937 نئی اسکیمیں شروع کی تھیں، جن میں سے زیادہ تر تکمیل کے قریب ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جون کے پہلے ہفتے تک صوبے کی آمدنی کے اعداد و شمار بھی واضح ہو جائیں گے۔