قومی کرکٹر حسن علی کی والدہ سے پرس چھیننے کے واقعے پر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق واردات کے دوران ملزم نے 2 لاکھ 30 ہزار روپے نقدی اور 5 ماشے وزن کا سونے کا بریسلٹ چھین لیا۔
پولیس حکام کے مطابق یہ مقدمہ حسن علی کے بھائی خرم شہزاد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ سی پی او راولپنڈی محمد ایاز سلیم نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
سی پی او کا کہنا ہے کہ نامعلوم ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں تشکیل دی جا چکی ہیں اور تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ملزم کو جلد گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے اور قریبی علاقوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کی جا رہی ہیں تاکہ واردات میں ملوث شخص کو جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے۔