کراچی: شہر قائد کے علاقے ڈیفنس موڑ کے قریب ایک تیز رفتار ڈمپر بے قابو ہو کر ایک رہائشی بنگلے میں جا گھسا، جس کے نتیجے میں ڈرائیور اور کلینر زخمی ہو گئے، جبکہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈمپر تعمیراتی ملبہ لے کر پنجاب کالونی کی جانب جا رہا تھا کہ ڈیفنس موڑ کے قریب اچانک بریک فیل ہونے کے باعث قابو سے باہر ہو گیا اور بنگلے کی دیوار سے جا ٹکرایا، جس سے دیوار کو شدید نقصان پہنچا۔
پولیس حکام کے مطابق حادثے کے فوراً بعد موقع پر پہنچ کر ڈمپر کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جبکہ زخمی ڈرائیور اور کلینر کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ڈمپر کی رفتار غیر معمولی طور پر تیز تھی، جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔ پولیس نے مزید تفتیش شروع کر دی ہے اور ڈمپر کو بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس نے بتایا ہے کہ واقعے کی مکمل رپورٹ مرتب کی جا رہی ہے تاکہ آئندہ اس طرح کے واقعات سے بچاؤ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔