کراچی میں گزشتہ روز سے محسوس کیے جانے والے زلزلے کے جھٹکوں پر چیف میٹرولوجسٹ امیر حیدر کا اہم بیان سامنے آ گیا ہے، جس میں انہوں نے ان زلزلوں کی وجوہات پر روشنی ڈالی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق، گزشتہ شام سے لے کر اب تک ملیر، قائدآباد اور قریبی علاقوں میں زلزلے کے چار جھٹکے ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔ ان میں سے کچھ جھٹکوں کی تفصیلی رپورٹ آنا ابھی باقی ہے، تاہم شام 5 بج کر 33 منٹ پر محسوس ہونے والے زلزلے کی شدت 3.6 اور گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ اس زلزلے کا مرکز قائدآباد کے قریب تھا، جب کہ رات 1 بج کر 6 منٹ پر ایک اور جھٹکا آیا، جس کی شدت 3.2 اور گہرائی 12 کلومیٹر تھی، اور یہ گڈاپ ٹاؤن کے قریب ریکارڈ ہوا۔
امیر حیدر کے مطابق یہ زلزلے لانڈھی فالٹ ریجن میں آ رہے ہیں۔ یہ معمولی شدت کے جھٹکے ہیں اور اس فالٹ لائن پر اب تک کسی بڑے زلزلے کی تاریخ نہیں ہے۔ کراچی میں ایک اور فالٹ لائن تھانہ بولا خان کے قریب واقع ہے، اور یہ دونوں فالٹ لائنز متحرک مانی جاتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان دنوں ہلکی شدت کے زلزلے عام طور پر رپورٹ ہوتے ہیں، خاص طور پر کیرتھر کے علاقے کے قریب موجود مین باؤنڈری لائن پر۔ ان فالٹ لائنز کو معمول پر آنے میں چند دن لگ سکتے ہیں، اور اگلے چند روز میں مزید جھٹکوں کے امکانات موجود ہیں۔