نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے اعلان کیا ہے کہ جن شہریوں کے قومی شناختی کارڈز کی معیاد 2017 میں ختم ہو چکی ہے اور انہوں نے تاحال تجدید نہیں کرائی، ان کے نام پر جاری تمام موبائل فون سمز 30 جون 2025 کو بند کر دی جائیں گی۔
نادرا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ شہریوں کی شناخت اور قومی سیکیورٹی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ ایسے تمام صارفین جن کے شناختی کارڈز کی معیاد 2017 میں ختم ہو چکی ہے، ان پر رجسٹرڈ موبائل سمز کو غیر فعال کر دیا جائے گا، تاکہ جعلی یا غیر فعال شناختوں پر سمز کے غلط استعمال کو روکا جا سکے۔
نادرا نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر قریبی نادرا دفتر سے رابطہ کریں یا پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے شناختی کارڈ کی تجدید کرائیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے اور دفاتر کی قطاروں سے بچا جا سکے۔
نادرا کے مطابق یہ اقدام قومی سلامتی، نظام کی شفافیت اور ڈیجیٹل شناخت کے درست استعمال کو یقینی بنانے کے لیے ناگزیر ہو چکا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس اعلان کو سنجیدگی سے لیں اور اپنی شناختی معلومات کو فوری طور پر اپڈیٹ کروائیں تاکہ سروسز میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔