میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا کی مشہور بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کے 2025-26 سیزن کے لیے منعقد ہونے والے پلیئرز ڈرافٹ میں انگلینڈ کے سابق فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن نے اپنی نامزدگی دے کر شائقین کرکٹ کو حیران کر دیا ہے۔
تینتالیس سالہ جیمز اینڈرسن نے 2024 میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا اور کئی برسوں سے ٹی20 فارمیٹ سے کنارہ کشی اختیار کیے ہوئے تھے۔ تاہم حالیہ ٹی20 بلاسٹ سیزن میں شاندار واپسی کے بعد انہوں نے بی بی ایل میں شرکت کی خواہش ظاہر کی ہے۔
جیمز اینڈرسن نے ٹی20 بلاسٹ میں صرف تین میچز کھیل کر 7 وکٹیں حاصل کیں، جو ان کی فارم اور فٹنس کا واضح ثبوت ہے۔ ان کی اس غیر متوقع واپسی نے کرکٹ حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
واضح رہے کہ بگ بیش لیگ 2025-26 کے لیے بین الاقوامی کھلاڑیوں کا ڈرافٹ 19 جون کو منعقد کیا جائے گا، جہاں دنیا بھر کے کھلاڑی اپنی قسمت آزمائیں گے۔