اقوام متحدہ میں پاکستان آئندہ ماہ یعنی جولائی میں سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالے گا۔ اس دوران اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب، سفیر عاصم افتخار صدارت کے فرائض انجام دیں گے۔
عاصم افتخار نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے صدارت سے متعلق فریم ورک پر آگاہ کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ یہ ذمہ داری کھلے، شفاف اور مشاورتی انداز میں ادا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
سفیر عاصم افتخار نے اس موقع پر کثیرالجہتی سفارتکاری، عالمی امن کے قیام اور تنازعات کی روک تھام کے لیے سیکریٹری جنرل کی کوششوں کی مکمل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔
دوسری جانب سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سفیر عاصم افتخار نے غزہ اور مقبوضہ کشمیر میں بچوں کی بدترین حالت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مسلح تنازعات کے دوران بچوں پر تشدد میں ظالمانہ حد تک اضافہ ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف 6 اور 7 مئی کو بھارتی جارحیت کے نتیجے میں 15 معصوم بچے شہید ہوئے۔
انہوں نے بھارتی سنگین خلاف ورزیوں کی مکمل اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی سیکنڈ سیکریٹری رابعہ اعجاز نے بھی بھارتی بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت ایک مرتبہ پھر مسخ شدہ بیانیے اور انکار کی روش اپنا رہا ہے۔ بھارت کی جانب سے لگائے جانے والے بے بنیاد الزامات مقبوضہ کشمیر میں اس کے شرمناک ریکارڈ پر پردہ نہیں ڈال سکتے۔