بھارتی پنجابی فلم سردار جی تھری کے ٹریلر ریلیز ہونے کے بعد بھارتی میڈیا میں پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کا خوب چرچا ہو رہا ہے، اور ان سے متعلق مختلف دلچسپ اور حیران کن دعوے سامنے آ رہے ہیں۔
ایک جانب بھارتی میڈیا ہانیہ عامر پر تنقید کے نشتر چلاتا دکھائی دے رہا ہے، تو دوسری جانب ان کی خوبصورتی، اداکاری اور جنوبی ایشیا بھر میں مقبولیت کے قصیدے بھی پڑھ رہا ہے۔
اسی دوران بھارتی میڈیا نے فلم سردار جی تھری کے ٹریلر کے بعد ہانیہ عامر کی آمدنی اور پرتعیش طرزِ زندگی سے متعلق بھی چونکا دینے والے انکشافات کیے ہیں۔
بھارتی شوبز ویب سائٹ بالی وُڈ لائف کے مطابق ہانیہ عامر نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت، بنگلہ دیش، افغانستان، سری لنکا اور خطے کے دیگر ممالک میں بھی بے حد مقبول ہیں۔ ویب سائٹ کا دعویٰ ہے کہ ہانیہ عامر کی انسٹاگرام پوسٹس پورے خطے میں دیکھی جاتی ہیں، اور ان کے فالوورز کی تعداد پاکستانی شوبز انڈسٹری کی تمام شخصیات سے زیادہ ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ہانیہ عامر کا طرزِ زندگی انتہائی لگژری ہے۔ ان کے ملبوسات مہنگے اور دلکش ہوتے ہیں، اور ان کے پاس کئی مہنگی ترین گاڑیاں بھی موجود ہیں۔ ویب سائٹ نے دعویٰ کیا کہ ہانیہ عامر کے پاس آڈی برانڈ کی ایک سے زائد قیمتی گاڑیاں موجود ہیں، جبکہ ان کی سالانہ آمدنی 50 کروڑ روپے کے لگ بھگ ہے۔
ویب سائٹ کے مطابق ہانیہ عامر صرف اداکاری سے سالانہ 43 کروڑ روپے کماتی ہیں، جبکہ برانڈز اور اشتہارات سے حاصل ہونے والی آمدنی اس کے علاوہ ہے۔ مزید یہ بھی بتایا گیا کہ وہ ٹی وی اسکرین کی مقبول ترین اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں، اور ایک قسط کا معاوضہ 4 لاکھ روپے تک وصول کرتی ہیں۔
اگرچہ ویب سائٹ نے ہانیہ عامر کی دولت اور کمائی سے متعلق دعوے کیے، تاہم اس بات کا ذکر نہیں کیا کہ انہوں نے فلم سردار جی تھری میں کام کرنے کا کتنا معاوضہ لیا۔