کراچی: مہنگائی کے بوجھ تلے دبے کراچی کے شہریوں کے لیے ریلیف کی خوشخبری سامنے آئی ہے، کیونکہ بجلی کی قیمت میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، جہاں ملک کے دیگر حصوں میں بجلی مہنگی ہونے کے امکانات ہیں، وہیں کراچی کے لیے بجلی 4 روپے 69 پیسے فی یونٹ تک سستی ہونے کی توقع ہے۔ یہ ممکنہ کمی اپریل کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی جائے گی۔
اس حوالے سے نیپرا اتھارٹی آج کے الیکٹرک کی درخواست پر سماعت کرے گی، اور اگر یہ کمی منظور ہو جاتی ہے تو کے الیکٹرک کے صارفین کو مجموعی طور پر 7 ارب 17 کروڑ روپے کا ریلیف مل سکتا ہے۔
دوسری جانب، کے الیکٹرک کے علاوہ دیگر علاقوں میں بجلی 10 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ یہ اضافہ مئی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی بنیاد پر تجویز کیا گیا ہے، جس پر آج سماعت متوقع ہے۔
سی پی پی اے کے مطابق مئی کے دوران 12 ارب 75 کروڑ یونٹس سے زائد بجلی پیدا کی گئی، جس پر لاگت 7 روپے 49 پیسے فی یونٹ رہی، جب کہ اس ماہ کے لیے ریفرنس لاگت 7 روپے 39 پیسے فی یونٹ مقرر کی گئی تھی۔