ایشین کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام ہونے والے ایشیا کپ 2025 کے ممکنہ شیڈول کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اس سال کا ایونٹ 4 یا 5 ستمبر سے شروع ہونے کا امکان ہے، جبکہ اس حوالے سے حتمی فیصلہ رواں ہفتے متوقع ہے۔ ایشیا کپ رواں برس بھارت کی میزبانی میں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے تحت منعقد کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان روایتی کرکٹ مقابلہ 7 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کم از کم دو بار آمنے سامنے آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جو شائقین کرکٹ کے لیے ایک سنسنی خیز موقع ہوگا۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اگرچہ ایشیا کپ 2025 کی رسمی میزبانی بھارت کے پاس ہے، تاہم یہ ایونٹ ہائبرڈ ماڈل کے تحت منعقد کیا جائے گا۔ اس ماڈل کے تحت بھارت اور پاکستان سمیت کل چھ ٹیمیں ایونٹ میں حصہ لیں گی۔
قبل ازیں، متحدہ عرب امارات اور سری لنکا کو شریک میزبان کے طور پر ممکنہ امیدوار تصور کیا جا رہا تھا، لیکن موجودہ صورتحال کے پیش نظر یو اے ای کو نیوٹرل وینیو کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔