پشاور: خیبر پختونخوا کے مستعفی وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے وزیراعلیٰ ہاؤس خالی کردیا اور رخصتی سے قبل عملے کے تمام ارکان سے فرداً فرداً الوداعی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران انہوں نے اپنے دورِ وزارتِ اعلیٰ میں ساتھ دینے پر عملے کا شکریہ ادا کیا، جس کے بعد وہ پشاور سے اپنے آبائی شہر ڈیرہ اسماعیل خان روانہ ہوگئے۔
ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس کے مطابق علی امین گنڈاپور نے اسٹاف سے ملاقات کے دوران نیک خواہشات کا اظہار کیا اور عملے کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر عملے کے ارکان نے بھی انہیں رخصت کیا اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ علی امین گنڈاپور نے بدھ کے روز اپنے ایک ویڈیو بیان میں وزارتِ اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ عہدہ بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی امانت تھا اور وہ ان کے حکم پر یہ امانت واپس کر رہے ہیں۔
گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کے دوران علی امین گنڈاپور نے اپنے فیصلے پر مؤقف دہراتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے وزارتِ اعلیٰ سے استعفیٰ دے دیا ہے اور اب اگر بانی چیئرمین پی ٹی آئی بھی انہیں فیصلہ واپس لینے کو کہیں گے تو وہ ایسا نہیں کریں گے۔