پاکستان سپر لیگ اور اس سے وابستہ فرنچائزز کی مالیت کے تعین (ویلیو ایشن) کا معاملہ غیر متوقع تاخیر کا شکار ہو گیا ہے، جس کے باعث لیگ کے آئندہ مرحلے کے کئی اہم فیصلے بھی مؤخر ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس مقصد کے لیے ایک غیر ملکی کمپنی کی خدمات حاصل کی تھیں، جو پاکستان سپر لیگ اور کچھ فرنچائزز کی ویلیو ایشن کا عمل مکمل کر چکی ہے۔ تاہم متعدد فرنچائزز کے عدم تعاون کے باعث مکمل ویلیو ایشن کا عمل رکا ہوا ہے اور معاملات آگے نہیں بڑھ پا رہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ویلیو ایشن میں تاخیر کے باعث پاکستان سپر لیگ کے اگلے ایڈیشن کی تیاریوں اور اس سے متعلق اہم امور میں بھی تعطل آ گیا ہے۔ لیگ میں دو نئی ٹیموں کی ممکنہ شمولیت اور نظام الاوقات کے حوالے سے فیصلے بھی اسی تاخیر کی وجہ سے مؤخر ہو چکے ہیں۔
پی ایس ایل کی ویلیو ایشن کا بنیادی مقصد فرنچائزز اور کمرشل حقوق کی مجموعی مالیت کا تعین کرنا ہے۔ اسی عمل کے بعد نئی ٹیموں کی قیمتوں کا حتمی فیصلہ کیا جانا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ اگست کے آخر میں ایک غیر ملکی کمپنی کو ویلیو ایشن کا معاہدہ سونپا گیا تھا جسے پانچ ہفتوں کے اندر مکمل ہونا تھا، تاہم فرنچائزز کے عدم تعاون کے باعث یہ عمل تاحال پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ سکا۔